زکوٰۃ کی رقم اور اس کے مستحقین شریعت میں متعین ہیں، ڈاکٹر راغب نعیمی

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور جامعہ نعیمیہ لاہور کے مہتمم ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ صدقہ اور زکوٰۃ میں بنیادی فرق ہے، زکوٰۃ کی رقم اور اس کے مستحقین شریعت میں متعین ہیں جبکہ صدقہ نفلی خیرات ہے جو اللہ کی رضا کے لیے کسی بھی مقدار میں دیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ صدقہ انسان کی جان اور مال دونوں کا ہوتا ہے اور اس کا مقصد مشکلات اور مصیبتوں کو دور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدقہ صرف رقم کی صورت میں ہی نہیں بلکہ کپڑوں، اشیائے ضرورت، طلبہ کی کتابوں یا کسی شخص کو روزگار کے لیے مشین یا سامان فراہم کرنے کی صورت میں بھی دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کے مستحقین کا ذکر قرآن مجید میں آٹھ طبقات کی صورت میں کیا گیا ہے جن میں مساکین، فقراء، قرض دار، اللہ کی راہ میں کام کرنے والے افراد اور دیگر مستحق طبقات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ انہی افراد کو دی جانی چاہیے جنہیں شریعت نے مستحق قرار دیا ہے۔ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ ناجائز ذرائع سے کمائے گئے مال سے کی جانے والی نیکی اللہ کے ہاں قابل قبول نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق اگر کوئی شخص حرام آمدن سے خیرات یا زکوٰۃ دیتا ہے تو اس سے ثواب حاصل نہیں ہوتا بلکہ وہ گناہ کا باعث بنتا ہے

About The Author