ایپنک گلگت بلتستان چیپٹر کے انتخابات کے نتائج کا اعلان، نئی قیادت منتخب

اسلام آباد (چوہدری محمد سلطان باہو):آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائز کنفیڈریشن (APNEC) گلگت بلتستان چیپٹر کے انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان گلگت بلتستان ہاؤس، اسلام آباد میں کردیا گیا۔ نتائج کا اعلان چیف الیکشن کمشنر راجہ جاوید ,طارق عثمانی ممبر الیکشن کمیشن، اور ممتاز بیگ ممبر الیکشن کمیشن نے کیا
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ تفصیلی شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے، جانچ پڑتال، اپیلوں اور امیدواران کی حتمی فہرست کے تمام مراحل مقررہ وقت میں مکمل کیے گئے۔ پولنگ کا عمل یکم جنوری 2026 کو مکمل شفافیت اور جمہوری اصولوں کے تحت منعقد ہوا، جس میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر ایپنک کے مرکزی چیئرمین محمد صدیق انظر اور سیکرٹری جنرل صمد مینگل نے گلگت بلتستان کے تمام ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط، منظم اور فعال تنظیم ہی صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔ انہوں نے نومنتخب قیادت سے توقع ظاہر کی کہ وہ اتحاد، شفافیت اور پیشہ ورانہ وقار کو مقدم رکھتے ہوئے ایپنک کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔
نتائج کے اعلان کی تقریب سے ایپنک کے بانی منہاج برنا کے ساتھی، سینئر صحافی، سیاستدان اور سابق سینئر ڈاکٹر پولی کلینک ڈاکٹر شریف استوری نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایپنک نے ہمیشہ جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے اور گلگت بلتستان چیپٹر کی نئی قیادت خطے کے میڈیا ورکرز کی آواز بنے گی۔
چیف الیکشن کمشنر راجہ جاوید کے مطابق انتخابات کے نتیجے میں درج ذیل عہدیداران بلا مقابلہ/منتخب قرار پائے:
مہوش ممتاز بیگ — چیئرپرسن، ایپنک گلگت بلتستان
عتیق الرحمان — سینئر وائس چیئرمین
مبارک حسین — وائس چیئرمین
انیتا عزیز — وائس چیئرمین
وزیر نصرت علی — جنرل سیکرٹری
محمد ایاز استوری — ایڈیشنل جنرل سیکرٹری
روشن دین دیاموری — ڈپٹی جنرل سیکرٹری
نوشابہ— جوائنٹ سیکرٹری
عشرت فاطمہ — فنانس سیکرٹری
سجاد حسین شگری — سیکرٹری اطلاعات
تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران نے اعتماد کا اظہار کرنے پر ممبران کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ گلگت بلتستان کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

About The Author