اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہےکہ اگر بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو نیوکلیئر جنگ ہوسکتی ہے۔
خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ نیوکلیئر جنگ کی صورت میں ساری ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔
خیال رہےکہ گزشتہ شب بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملےکے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے اور بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔
پاکستانی فضائیہ اور بری افواج نے کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا جس کی ویڈیوز ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا کو بھی دکھائیں۔
اس کے علاوہ آج قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت، پاکستان کو اپنے دفاع میں جواب دینے کا حق حاصل ہے، اور پاکستان کسی بھی وقت، جگہ اور طریقے سے اپنے معصوم شہریوں کی شہادت اور خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کا بدلہ لینےکا حق محفوظ رکھتا ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کو اس ضمن میں مناسب کارروائی کے مکمل اختیارات دے دیےگئے ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان وقار اور عزت کے ساتھ امن کے لیے پُرعزم ہے اور واضح کرتا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اپنی باعزت قوم کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

More Stories
ایران کا جنگ میں امریکا کے دوسرے جدید ترین لڑاکا طیارے F-35 کو تباہ کرنے کا دعویٰ
گورنر پنجاب اور گورنر خیبرپختونخوا کے درمیان پیڈل ٹینس کا دلچسپ مقابلہ
نوشہرہ: غیر قانونی ذخیرہ شدہ ایک لاکھ 5 ہزار لیٹر پیٹرول اور ڈیزل ضبط