چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے عراق کے سفیر حامد عباس علی الارمشاوی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات

اسلام آباد . سید یوسف رضا گیلانی سے عراق کے سفیر حامد عباس علی الرمشاوی نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارتی و اقتصادی تعاون، پارلیمانی تعلقات، مذہبی و ثقافتی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے عراق کے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور عراق تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، خصوصاً انسانی وسائل، تجارت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل، توانائی،پارلیمانی و تجارتی وفود کے تبادلے میں وسیع گنجائش موجود ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں ملکوں نے مابین علاقائی و بین الاقوامی سطح پر تعاون جاری رکھا ہوا ہے۔ملاقات کے دوران پارلیمانی سفارت کاری اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں فروغ کے ساتھ ساتھ قانون سازی، گورننس اور آئینی امور میں تجربات کے تبادلوں کا اعادہ کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے زراعت، تجارت، پانی کے انتظام، توانائی، تعلیم، سیاحت او ر دفاع سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور عراق کے مابین تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے عراقی حکومت پاکستانی زائرین کے لیے فراہم کی گئی سہولیات پر شکریہ ادا کیا انہوں نے زائرین کے انتظامات کو مزید منظم کرنے پر زور دیاتاکہ زائرین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین براہ راست فضائی رابطوں سے عوامی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال دولاکھ پچاس ہزار پاکستانی زائرین مقدس مقامات پر حاضری دینے عراق جاتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لئے ویزا کی فوری سہولت کے حوالے سے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عراق کے سفیر کو ملتان کے دورے اور تاجر برادری و سرمایہ کاروں سے ملاقات کی دعوت بھی دی۔ چیئرمین سینیٹ نے ملتان کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت بھی اجاگر کی۔

چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی و اعلیٰ اسطح وفود کے تبادلوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لئے پارلیمانی سطح پر قائم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ پارلیمانی سفارتکاری کے تحت تعلقات کو ادارہ جاتی شکل میں آگے بڑھا سکتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے افرادی قوت سمیت دیگر دوسرے شعبوں کو اہم قرار دیتے ہوئے ایم او یوز پر عملدرآ مد پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ زراعت، دفاع، تجارت سمیت کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون دونوں ملکوں کو مزید قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

عراق کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے عراق کی ایوان نمائندگان کے سربراہ کی جانب سے عراق کا دوہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

عراقی سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ عراق بھی پاکستان کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

About The Author