ایپنک وفد کی چیئرپرسن پیمرا امبرین جان سے ملاقات، میڈیا ورکرز کے مسائل پر اہم پیش رفت

ایپنک وفد کی چیئرپرسن پیمرا امبرین جان سے ملاقات، میڈیا ورکرز کے مسائل پر اہم پیش رفت

اسلام آباد(چوہدری محمد سلطان باھو) آل پاکستان نیوزپیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے وفد کی مرکزی چئیرمین ایپنک محمد صدیق انطر کی سربراہی میں چیئرپرسن پیمرا امبرین جان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں میڈیا ملازمین کو درپیش مسائل، خصوصاً تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، بقایا جات اور کم از کم اجرت پر عملدرآمد نہ ہونے جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایپنک وفد نے چیئرپرسن پیمرا کو آگاہ کیا کہ متعدد میڈیا ادارے اپنے ملازمین کو نہ صرف بروقت تنخواہیں ادا نہیں کر رہے بلکہ کئی اداروں میں کم از کم اجرت کے حکومتی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جس کے باعث میڈیا ورکرز شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
اس موقع پر چیئرپرسن پیمرا امبرین جان نے واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوانین پر عملدرآمد کرانا ان کی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیمرا ایک ریگولیٹری باڈی ہے اور تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ اپنے ملازمین کے بقایا جات جلد از جلد ادا کریں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام چینلز سے تنخواہوں اور ادائیگیوں سے متعلق مکمل معلومات طلب کی جائیں گی تاکہ حقائق کی بنیاد پر فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں اور میڈیا ورکرز کے مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے۔
ایپنک کے وفد میں راجہ جاوید خان ،صوبیہ خان اور سید گلزار گیلانی شامل تھے وفد نے اس موقع پر چیئرپرسن پیمرا کی ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید سے قبل ان کی مداخلت کے باعث بعض اداروں نے میڈیا ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی، جس سے کارکنان کو بروقت ریلیف ملا۔ وفد نے اس مثبت اقدام پر چیئرپرسن پیمرا کا شکریہ ادا کیا۔
وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایپنک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں پیمرا کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا تاکہ صحافتی برادری کو درپیش مسائل کا دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے۔

About The Author