— میڈیا مسائل اور سیاسی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے وفد نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں خطے کی سیاسی صورتحال، صحافی برادری کو درپیش مسائل اور میڈیا کی بہتری کے لیے ممکنہ اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفد کی قیادت چیئرپرسن جی بی ایپنک مہوش ممتاز بیگ نے کی، جبکہ مرکزی چیئرمین محمد صدیق انظر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری ایپنک جی بی وزیر نصرت علی ،عتیق الرحمان ۔ایاز استوری۔ صوبیہ خان، ممتاز بیگ، عرفان بخاری اور دیگر عہدیداران شامل تھے جنہوں نے گلگت بلتستان میں صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ، معاشی اور تحفظ سے متعلق مسائل تفصیل سے گورنر کے سامنے رکھے۔ملاقات کے دوران ایپنک قیادت نے مؤقف اختیار کیا کہ گلگت بلتستان میں میڈیا کارکنان کو سہولیات کی کمی، ادارہ جاتی تعاون کے فقدان اور پیشہ ورانہ تحفظ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ حکومت صحافیوں کے لیے ویلفیئر میکانزم، تربیتی مواقع اور اطلاعات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ گورنر نے وفد کی تجاویز کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے اور حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ سے نہ صرف جمہوری عمل مضبوط ہوگا بلکہ عوامی مسائل بھی بہتر انداز میں اجاگر ہوں گے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان میں صحافت کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔

About The Author