فیصل آباد ڈویژن کے سب سے بڑے الائیڈ ہسپتال ون کے شعبہ امراض چشم نے کارکردگی میں نجی ہسپتالوں کو پیچھے چھوڑ دیا

فیصل آباد ڈویژن کے سب سے بڑے الائیڈ ہسپتال ون کے شعبہ امراض چشم نے کارکردگی میں نجی ہسپتالوں کو پیچھے چھوڑ دیا
سربراہ آئی ڈیپارٹمنٹ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد رضوان کے مطابق انکھ کی امراض کے ماہانہ 10 ہزار مریضوں کا علاج اور 500 اپریشنز کیے جا رہے ہیں
فیصل آباد ()پنجاب کے بڑے تدریسی ہسپتالوں میں شمار ہونے والے الائیڈ ہسپتال ون فیصل آباد کا شعبہ امراضِ چشم (Ophthalmology) ان دنوں اپنی جدید ترین طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں کی شبانہ روز محنت کی بدولت عوام کے لیے سستی اور معیاری شفا گاہ بن چکا ہے۔ اس طبی مشن کی قیادت کرنے والے سربراہ شعبہ امراضِ چشم، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر رضوان کی پیشہ ورانہ مہارت نے عوامی اعتماد میں بے پناہ اضافہ کیا ہے، جن کی زیرِ نگرانی شعبہ چشم میں ماہانہ 10 ہزار سے زائد مریضوں کی آنکھوں کی مختلف بیماریوں کا معائنہ و علاج کیا جا رہا ہے، جبکہ ہر ماہ 500 سے زائد مریضوں کے آنکھوں کے پیچیدہ آپریشنز بھی کامیابی سے کیے جا رہے ہیں۔ ہسپتال کے آئی وارڈ میں جہاں 24/7 ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں، وہاں جدید تشخیصی مشینری کی مدد سے آنکھ کے پردے (Retina) کی جانچ اور بینائی کے پیچیدہ مسائل کا حل بھی ممکن ہو گیا ہے۔ اس شعبے کی نمایاں کامیابیوں میں بغیر ٹانکے کے موتیا کا آپریشن (Phacoemulsification) اور شوگر کے مریضوں کے لیے جدید لیزر تھراپی شامل ہے، جس سے مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر رضوان نہ صرف آنکھوں کے پیچیدہ امراض کے ماہر سرجن ہیں بلکہ ایک محقق اور استاد کے طور پر نوجوان ڈاکٹروں کی جدید خطوط پر تربیت میں بھی مصروف عمل ہیں جبکہ ہسپتال میں موتیا، کالا پانی اور وبائی امراض کا علاج حکومتی پالیسی کے مطابق تقریباً مفت کیا جا رہا ہے جو محدود وسائل رکھنے والے مریضوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ عوامی حلقوں نے سرکاری سطح پر ایسی اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات اور ڈاکٹر رضوان جیسی ہمدرد قیادت کی موجودگی کو شعبہ صحت کے لیے ایک خوش آئند مثال قرار دیا ہے۔

About The Author