اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، عاصم افتخار

نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، لوگ خوف میں جی رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ فلسطین پر بریفنگ کے موقع پر پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں اظہار خیال کیا۔

پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا نے غزہ میں ایک تباہ کن جنگ کو انتہائی کرب اور حیرت کے ساتھ دیکھا

بھوک سے نڈھال فلسطینی عوام پر ناقابل بیان مصیبتیں ڈھائی گئیں، جنگ بندی اعلان کے باوجود تین سو سے زائد فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیِں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ فلسطین پربریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں اب بھی گھر تباہ کیے جارہے ہیں۔

پاکستانی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ لوگ دہشت میں زندگی گزار رہے ہیں غزہ امن عمل میں اس لیے شامل ہوئے کیونکہ یہ فلسطینی ریاست کے قیام کا واضح راستہ ہے۔

پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان آزاد ریاست کے قیام کی جدوجہد میں فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی پرمکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور بلاتعطل انسانی امداد تک رسائی کی ضمانت دی جائے۔

وہاں کی بحالی اور تعمیرنو کا عمل بغیر کسی تاخیر کے شروع ہونا چاہیے،کسی بھی حالت میں نہ الحاق کیا جائے اور نہ ہی غزہ سے جبراً بےدخلی ہو۔

About The Author