اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اولمپک جنگ بندی( Olympic truce )کی قرارداد منظور کرتے ہوئے کھیل کو عالمی اتحاد کی علامت قرار دیا ہے۔اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اولمپک جنگ بندی کی قرارداد منظور کرتے ہوئے کھیل کی اس صلاحیت کو سراہا ہے جو دشمنی میں جکڑی دنیا میں بھی لوگوں کو قریب لا سکتا ہے ۔ جنرل اسمبلی کی صدر انالینا بائر بوک نے کہا کہ کھیل انسان کو یہ ہمت دیتا ہے کہ وہ اپنے مقابل کو دشمن نہیں بلکہ مشترکہ مقصد کے حامل ساتھی کے طور پر دیکھے۔
ملانو-کورٹینا 2026 سرمائی اولمپکس کے تناظر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بطور نوجوان جمناسٹ اپنے خوابوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ کھیل وہ رشتہ پیدا کرتا ہے جو حریفوں کے درمیان بھی اتحاد کا احساس پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک جنگ بندی امن کے لیے درکار اصولوں ،ضبط، احترام اور ہمت کی علامت ہے۔اقوامِ متحدہ کی صدر نے ماضی کی مثالیں دیتے ہوئے بتایا کہ 1990 کی دہائی میں بلقان میں اوپن فن فٹبال سکولز نے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ بچوں کو نسلی تقسیم کے باوجود ایک جگہ لا کر اعتماد بحال کیا۔ اسی طرح کولمبیا اور قبرص میں کھیل نے منقسم برادریوں میں اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انالینا بائربوک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کھیل صرف اقوام کے درمیان امن کے لیے نہیں بلکہ سماجی مساوات کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کینیڈا کی خواتین کی ہاکی ٹیم کی مثال دی جنہوں نے سوچی 2014 میں طلائی تمغہ جیت کر طنزیہ جملے “Play like a girl” کو طاقت اور رفتار کی علامت بنا دیا۔ملانو-کورٹینا 2026 سرمائی کھیلوں کو تاریخ کے سب سے زیادہ صنفی توازن والے مقابلے قرار دیا جا رہا ہے، جن میں 47 فیصد ایتھلیٹس خواتین ہوں گی۔
اٹلی نے اعلان کیا ہے کہ یہ کھیل معذور افراد کی شمولیت، رسائی اور وسیع ’’لیگیسی پراجیکٹس ‘‘ کے ذریعے دیرپا اثرات چھوڑیں گے۔اطالوی وفد نے 1964 کے انزبرک گیمز میں بوب سلیدر ایوجینیو مونٹی کی کھلاڑی روح کی مثال بھی دی، جنہوں نے اپنے حریفوں کو سازوسامان فراہم کر کے کھیل کی شرافت کی نئی مثال قائم کی، جس کی وجہ سے وہ اس دن جیت نہ سکے مگر دنیا بھر سے عزت ضرور پائی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دنیا سرمائی اولمپکس کی جانب دیکھ رہی ہے، اور اقوامِ متحدہ کا پیغام واضح ہےکہ ’’ کھیل کے میدان میں سیکھا جانے والا انصاف، ہمت، اور ٹیم ورک ایک پرامن اور جامع دنیا کی بنیاد ہیں‘‘۔

More Stories
بابر، شاہین اور شاداب کو باہر بٹھاؤ، نئے لڑکوں کو موقع دو، آفریدی بھارت سے شکست کے بعد برہم
بنگلادیشی وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی احسن اقبال کریں گے
معرکہ حق میں خفت کے بعد بھارت کے جنگی جنون میں اضافہ، 26 کے بجائے 31 رافیل طیارے خریدے گا