بیرون ملک نوکری پر جانے والوں کے لیے نئی مشکل کھڑی ہوگئی

اسلام آباد : پاکستان سے بیرون ملک نوکری پر جانے والوں کے لیے نئی مشکل کھڑی ہوگئی، میڈیکل فیس میں بڑا اضافہ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بیرون ملک ملازمت کیلئے جانے والے ملازمین کی  میڈیکل فیس میں اضافے کا معاملہ سامنے آگیا، پاکستان اووسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم شہباز شریف کو اس حوالے سے خط لکھ دیا۔

وائس چیئرمین عدنان پراچہ نے کہا کہ بیرون ملک نوکری پر جانے والوں کی میڈیکل فیس میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے۔ پہلے یہ فیس 15 ہزار روپے تھی، جو اب بڑھا کر 26 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہنرمند پروگرام کے بعد کتنے افراد بیرون ملک گئے، اس کی تحقیقات کی جانی چاہئیں، کیونکہ ایک فرد پر ہنرمند پروگرام کے تحت ڈیڑھ لاکھ روپے تک اخراجات ہو رہے ہیں۔

عدنان پراچہ نے نشاندہی کی کہ سعودی عرب جانے والے افراد کے لیے بائیو میٹرک کے صرف 5 سینٹرز ملک بھر میں قائم ہیں، جس سے درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں نے 38 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں، جب کہ رواں مالی سال ترسیلات زر ماہانہ 3 ارب ڈالر سے زائد ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔

وائس چیئرمین اووسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ کو سرپلس کرنے میں ترسیلات زر کا کلیدی کردار ہے

About The Author