
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، یہ اعلیٰ سطح کی ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کے موقع پر ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے بعد اوول آفس کا دورہ کیا گیا، امریکی وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو، مشرق وسطیٰ امور کے امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف بھی ملاقات میں موجود تھے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ملاقات میں شریک تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں آرمی چیف نے پاکستان اور اس کے عوام کی جانب سے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، آرمی چیف نے صدر ٹرمپ کی اقوام عالم کے چیلنجز سمجھنے کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کی عالمی چیلنجز سے نبرد آزما ہونےکی صلاحیتوں کو بھی سراہا جبکہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا اور انسداد دہشتگردی میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعاون کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں جانب سے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تجارت، معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی اور کرپٹو کرنسی سمیت کئی شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔
صدر ٹرمپ نے پاکستان سے طویل مدتی اسٹریٹجک اشتراک پر مبنی شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
امریکی صدر نے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات پر مبنی تجارتی شراکت داری میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں ملاقات میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماؤں نے ایران اور اسرائیل تنازع کے پُرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر ٹرمپ نے مشکل علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور فیصلہ کن کردارکو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان حکومت کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مناسب موقع پر دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک گھنٹے کی شیڈول ملاقات دو گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔ ملاقات پاک امریکا دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں میں اہم سنگِ میل ہے۔
More Stories
اسلام آباد: محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس
امریکا: اسٹوڈنٹس ویزا پر عائد پابندی اٹھا لی گئی
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملنا میرے لیے اعزاز ہے، ٹرمپ