
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسط ایشیا سے تجارت کے لیے ریلوے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کی حکمت عملی ترتیب دی جائے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز سے متعلق امور پر اجلاس ہوا۔
اجلاس میں خطاب سے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ریلوے نظام کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ملک بھر کے ریلوے انفرا اسٹرکچر کی پائیدار بنیادوں پر تعمیر نو کرنے کی ضرورت ہے، علاقائی تجارت و روابط کے لیے ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دینا قومی پالیسی کا اہم جز ہے۔
وزیر اعظم نے گوادر کو پاکستان ریلویز نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا کام تیز تر کرنے کی ہدایت بھی کی
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیر اعظم کو پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی جس میں کہا گیا کہ پاکستاں ریلویز میں مزید سرمایہ کاری کی بے پناہ استطاعت ہے، بڑے اور اہم ریلوے اسٹیشنز پر جدید انفارمیشن ڈیسکس بنائے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ لاہور، راولپنڈی اور ملتان اسٹیشن پر صفائی ستھرائی کا نظام آؤٹ سورس کیا گیا ہے، ٹرینوں اور اسٹیشنز پر خوراک کی نگرانی پر ریلویز اور صوبائی فوڈ اتھارٹیز مل کر کام کررہی ہیں، عوام کی سہولت کے لیے عرصہ دراز سے بند سروسز کا دوبارہ آغاز کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بولان میل کو حال ہی میں روزانہ سروس کی بنیاد پر شروع کیا گیا ہے، ڈیرہ غازی خان اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بھی بحال کیاگیا ہے، سکھر، خانیوال اور کوہاٹ میں موجود کنکریٹ سلییپر فیکٹریز کو آؤٹ سورس کیا جارہا ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب لاہور کو نیلام کیا جارہا ہے، ریلویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا کام تیزی سے کیا جارہا ہے، ریلوے کے آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کی ری اسٹرکچرنگ کا کام تیزی سے جاری ہے، ٹرینوں میں مفت وائی فائی سروسز فراہم کی جارہی ہیں
More Stories
غزہ میں مستقل فائر بندی کی قرار داد پر آج ووٹنگ متوقع
آئی ایم ایف نے ایف بی آر سے ریوارڈ پروگرام کی تفصیلات طلب کرلیں
فلسطین اور کشمیر میں لاکھوں معصوم بچے اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کا شکار ہیں، مریم نواز