فیلڈ مارشل عاصم منیر صرف پاکستان نہیں بلکہ عالم اسلام کے سپہ سالار ہیں : عبدالعلیم خان

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ مسلمانوں کے مخالف پاکستان کو ٹارگٹ کرنا چاہتے ہیں، اسرائیل نے نہ صرف اپنے ماہرین بھیجے بلکہ پاکستان پر حملہ کرنے کیلئے  بھارت کو ڈرون بھی دیئے ، بھارت اسرائیل کی ساری ٹیکنالوجی استعمال کر رہا تھا ۔  یہ فوج صرف پاکستان کی نہیں بلکہ عالم اسلام کی فوج ہے ، یہ سپہ سالار عاصم منیر صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا سپہ سالار ہے ۔ پاکستان نے مودی کے غرور کو ڈیڑھ گھنٹے میں خاک میں ملا دیاہے ، جو افواج پاکستان کے خلاف باتیں کرتے تھے ان کے منہ بند ہونے میں بھی ڈیڑھ گھنٹہ لگا، مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے والے ہمارے دوست  چین  ، ترکیہ ہیں، ہمیں ڈرون کی ٹیکنالوجی ترکیہ نے دی، جن سے بھارتی جہازوں کو گرایا وہ ٹیکنالوجی چین نے دی۔

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان نے معرکہ حق کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل جب یہ معرکہ نہیں ہوا تھا تو سوشل میڈیا پر بہت سی باتیں سنتے تھے، کچھ ایسے لوگ  بھی تھے جو پوچھتے تھے کہ فوج کس لیئے رکھی ہوئی ہے ، یہ فوج کا خرچہ کیوں ادا کر رہے ہیں، لیکن جب 6 مئی آئی تو پتا چلا کہ ہمارے پاس ایک ایسا مکار ہمسایہ موجود ہے جس نے پچھلے 80 سال سے پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا ، وہ آج بھی پاکستان کے خلاف ہے ، اسی طرح جو نفرت 1947 میں تھی وہ نفرت پاکستان کے خلاف آج بھی ویسے ہی اس کے اندر موجود ہے ، جس کا اظہار اس نے 6 تاریخ کو پاکستان پر رات کی تاریکی میں ہمارے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر کیا ۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ  سب سے پہلے ہمارے معصوم بچوں کی شہادت ہوئی، اگلے تین دن قوم اور پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طریقے سے پاکستان پر دشمن حملہ آور ہوا، یہاں پر ڈرون آئے  اور پاکستان کو نشانہ بنایا، پاکستان کی تنصیبات پر میزائلوں سے حملہ کیا  گیا ، ہمارے ایئر پورٹ پر میزائل مارے گئے، پوری دنیا  نے دیکھا کہ وہ فوج جو تین دن تک اپنے جذبات کو قابو میں رکھ کر بیٹھی تھی ، اس بات پر کہ کہیں بات بہت آگے نہ بڑھ جائے ، ہم ایک ایٹمی ملک ہیں ، جب ایٹمی طاقت ہوتی ہے تو آپ جذباتی نہیں ہو سکتے ، تو ذمہ داری کا احساس کرنا پڑتاہے ، ہماری افواج نے اس ذمہ داری کا احساس کیا ، ہم نے تین دن تک بڑے احسن طریقے سے چیزوں کو بڑھنے نہیں دیا لیکن دشمن نے سمجھا کہ یہ کمزور ہے، دشمن نے ہمارے جواب نہ دینے کو بزدلی سمجھ لیا تھا ، پھر پوری قوم نے دیکھا جب انہوں نے ہمارے ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا تو ہمارے ایک جنرل نے آ کر جو ڈی جی آئی ایس پی آر ہیں، انہوں نے رات اڑھائی بجے کہا کہ ہندوستان والو اب اپنی تیاری پکڑو ، ہم نے ان کو للکارا ، رات کے اندھیرے میں حملہ نہیں کیا، ہم نے کہا اپنا بندوبست کر لو ہم آ رہے ہیں، پھر ہم  نے انتظار کیا کہ فجر کی اذان ہو جائے ، جب صبح ہو جائے اس وقت وار کریں گے ، ہم نے تاریکی میں وار نہیں کیا ۔

About The Author