مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر تیزی سے جاری

پشاور:

مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔

مہمند ڈیم 213 میٹر بلند دنیا کا پانچواں بلند ترین سی ایف آر ڈی ڈیم ہوگا جس کی تعمیر 2027-28 تک مکمل ہوگی،  سیلاب سے بچاؤ میں مہمند ڈیم کلیدی کردار ادا کریگا جس سے سالانہ اربوں روپے کا فائدہ ہوگا۔

مہمند ڈیم دریائے سوات پر صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں تعمیر ہو رہا ہے، پراجیکٹ کے 14 مختلف مقامات پر دن رات تعمیراتی کام جاری ہے جس سے وقت کی بچت بھی ہورہی ہے۔

مہمند ڈیم سیلاب پر قابو پانے، بجلی کی پیداوار، زرعی زمین کی آبپاشی کیلئے مفید ثابت ہوگا۔ منصوبے سے سالانہ 2.86 ارب یونٹ ماحول دوست بجلی کی پیداوار حاصل ہوگی۔

پراجیکٹ سے سالانہ 51 ارب روپے کے فوائد متوقع ہیں جبکہ 18,233 ایکڑ نئی زرعی زمین سیراب ہوگی، پشاور کو روزانہ 30 کروڑ گیلن صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

پراجیکٹ سے 6,100 نوکریاں پیدا ہوں گی جن میں 400 انجینئرز شامل ہیں، مقامی ترقی کے لیے 4.5 ارب روپے کے سماجی منصوبے بھی رکھے گئے ہیں۔ منصوبے کی کل لاگت 309.56 ارب روپے منظور کی گئی ہے۔

About The Author