انجکشن کا ری ایکشن، میو ہسپتال لاہور میں 2 مریض جاں بحق، 16 متاثر، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

لاہور کے میو ہسپتال میں مبینہ طور پر غیر معیاری اینٹی بائیوٹک انجکشن کے ری ایکشن سے 2 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 16 مریض متاثر ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر سے رپورٹ طلب کرلی۔

میڈیا کے مطابق میو ہسپتال میں گزشتہ روز 36 سالہ نورین اور آج 26 سالہ دولت خان مبینہ طور پر غیرمعیاری انجکشن لگنے سے انتقال کرگئے، میو اسپتال کی انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔

میو اسپتال کے سی ای او پروفیسر حامد ہارون نے بتایا کہ رات گئے ہماری پوری ٹیم اسپتال موجود تھی اور ہر ممکن کوشش کرتی رہی، واقعے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو آج اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور گزشتہ روز سے انجکشن کے استعمال کو بھی روک دیا گیا ہے۔

دریں اثنا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میو ہسپتال میں مریضوں پر انجکشن کے ری ایکشن کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے مریضوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر سے معاملے کی رپورٹ طلب کرلی، مریم نواز نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور مریضوں کے بہترین علاج کا حکم دے دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ انجکشن کے ری ایکشن کے واقعے پر گہری تشویش ہے، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ ہفتے میو ہسپتال کا دورہ کیا تھا اور مریضوں کی جانب سے دواؤں کی قلت کی شکایات پر چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ڈاکٹر احسن اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں برطرف کردیا تھا، سینئر پروفیسرز سے ناروا سلوک پر سوشل میڈیا پر مریم نواز کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

About The Author